کراچی میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید، دو زخمی

کراچی پولیس اہلکار شہید

کراچی میں 24 گھنٹے کے دوران پولیس پر فائرنگ کے دو واقعات میں ایک پولیس اہلکار شہید ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس حکام کے مطابق بن قاسم پپری میں پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے شہید کیا گیا، ڈیفنس میں پولیس کانسٹیبل ثاقب کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے حملہ آوروں کی تعداد دو تھی، واقعے کا مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحٹ درج کیا گیا ہے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کانسٹیبل ثاقب پر پانچ گولیاں اچلائی گئی تھیں۔

ادھر پری مری گوٹھ میں پولیس کانسٹیبل متیرو خان شہید ہوگئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول پولیس اہلکار بگٹی گوتھ کا رہائشی تھے، فائرنگ کے دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں۔

نارتھ کراچی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ پولیس جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو بھی زخمی ہوا جو اپنے موٹر سائیکل سوار ساتھی سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او سرسید اسلم خان نے بتایا کہ نارتھ کراچی سیکٹر الیون بی رونق شیری بیکری کے قریب علاقہ گشت پر مامور پولیس کے جوانوں نے مشتبہ موٹر سائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو عقب میں بیٹھے ہوئے ڈاکو نے پولیس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار محمد لائق ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔