کراچی میں علاقہ مکینوں نے پولیس اہلکاروں کی رشوت لیتے ہوئے ویڈیو بنالی

کراچی کے علاقے مومن آباد میں علاقہ مکینوں نے پولیس اہلکاروں کی رشوت لیتے ہوئے ویڈیو بنالی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے مومن آباد میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے تلاشی کے بہانے شہریوں سے رقم بٹوری جارہی تھی، علاقہ مکینوں نے ویڈیو بنالی۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد ویسٹ زون پولیس کے افسران متحرک ہوگئے اور ملوث اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کردیا۔

واضح رہے کہ ایک ماہ قبل بھی ایئرپورٹ جانے والے راستے پر پولیس اہلکار کی مبینہ رشوت خوری کی ویڈیو شہری نے بنائی تھی۔

شہری کا کہنا تھا کہ اہلکار چیکنگ کے بہانے روک کر جان بوجھ کر گفتگو کو طول دے رہا تھا، اہلکار کو معلوم تھا ہمیں دیر ہورہی ہے اور وہ ہماری مجبوری کا فائدہ اٹھا رہا تھا کیونکہ ہماری فلائٹ چھوٹ جاتی۔

شہری نے الزام عائد کیا تھا کہ اہلکار نے پیسے لینے کے بعد ہمیں جانے دیا، اعلیٰ حکام واقعے کا نوٹس لیں۔