کراچی میں پولیس اہلکاروں کو اسلحہ چھیننے کے لیے شہید کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی آئی جی ویسٹ عرفان علی بہادر نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں پولیس اہلکاروں کو اسلحہ چھیننے کے لیے شہید کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ میں پولیس اہلکار یوسف کو شہید کیا گیا، ملزمان شہید اہلکار کا اسلحہ بھی چھین کر فرار ہوئے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی تھی، آج صبح ملزمان پولیس مقابلے میں مارے گئے۔
عرفان علی بہادر کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت شوکت اور ظفر کے ناموں سے ہوئی، ملزمان کا ایک ساتھی فرار ہوگیا ہے جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں جبکہ ہلاک ملزمان کا تعلق مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور سے ہے۔
ڈی آئی جی ویسٹ نے بتایا کہ ملزمان نے پولیس اہلکار کو اسلحے کے لیے شہید کیا، جس اسلحہ سے پولیس اہلکار کو شہید کیا گایا وہ برآمد ہوا مگر چھینا گیا اسلحہ نہیں مل سکا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس سے ملزمان کے کرمنل ریکارڈ کے حوالے سے رابطہ کررہے ہیں، ملزمان پولیس اہلکاروں کو شہید کرکے ہتھیار جمع کررہے تھے، ملزمان کسی بڑی واردات کی تیاری میں تھے۔