کراچی: ناشتے کا بل مانگنے پر پولیس اہلکاروں کا ہوٹل ملازمین پر تشدد

کراچی: تھانے میں خاتون کیساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنانا پولیس افسر کو مہنگا پڑ گیا

کراچی کے علاقے کورنگی میں پولیس اہلکاروں نے ناشتے کا بل مانگنے پر ہوٹل کے ملازمین کے خلاف سلنڈر رکھنے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں تشدد کا نشانہ بنا دیا۔

ہوٹل کے ایک متاثرہ ملازم علی محمد نے بتایا کہ کورنگی نمبر 2 پر واقع ہوٹل میں اہلکار روزانہ مفت کھانا کھاتے ہیں، جمعے کی صبح 5 اہلکار ہوٹل پر ناشتہ کرنے پہنچے، مہنگائی سے پریشان ہو کر جب ان سے ناشتے کا آدھا بل مانگا تو انہوں نے تشدد کرنا شروع کر دیا۔

ملازم علی محمد نے بتایا کہ اہلکار تھانے سے موبائل بلوا کر تین ملازمین کو اٹھا کر لے گئے اور ہوٹل ملازمین پر سلنڈر رکھنے کا مقدمہ درج کیا، اہلکاروں نے ہوٹل سے 18 کرسیاں اور کاؤنٹر سے 30 ہزار روپے بھی لوٹے۔

علی محمد کے مطابق ہیڈمحرر کورنگی نے ہوٹل ملازمین کو شخصی ضمانت پر رہا کروانے کیلیے رقم وصول کی۔

دوسری جانب، ہوٹل ملازمین پر تشدد کرنے پر ایس ایس پی کورنگی توحید رحمان نے نوٹس لیتے ہوئے تین اہلکاروں کو معطل کر دیا اور انکوائری ایس پی شاہ فیصل کو دے دی۔

معطل پولیس اہلکاروں میں شاکر، مدثر اور وقاص شامل ہیں، تینوں اہلکاروں کو اگلے حکم تک کوارٹر گارڈ کر دیا گیا ہے۔