کراچی کے تھانہ کلچر کیخلاف پولیس اہلکار کا ویڈیو بیان

کراچی کے تھانہ کلچر کیخلاف پولیس اہلکار کا ویڈیو بیان سامنے آگیا۔

کانسٹیبل علی احمد نے کہا کہ تھانے کا منشی عابد 1 ہزار لے کر ڈیوٹیاں لگاتا ہے جو اہلکار ہزار دو ہزار دیتا ہے اسے باہر کی اچھی ڈیوٹی پر لگایا جاتا ہے رشوت دینے والوں کو چھٹی بھی دی جاتی ہے۔

کانسٹیبل علی احمد نے کہا کہ رشوت نہ دینے والے اہلکاروں کو پھنسا دیا جاتا ہے بیٹے کو بلڈ کینسر ہے، علاج پر ماہانہ ہزاروں روپے خرچ آتا ہے۔ اچھی ڈیوٹی کے خواہشمند اہلکار نے اعلی افسران سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

دوسری جانب ایس ایس پی ویسٹ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی منگھوپیر کو انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

ایس ایس پی ویسٹ حفیظ الرحمٰن بگٹی نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو پر نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ویڈیو میں پولیس اہلکار کی جانب سے ڈیوٹی منشی پر الزامات لگائے گئے ہیں ڈی ایس پی منگھوپیر کو واقعے کا انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے، تادیبی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

حفیظ الرحمٰن بگٹی نے کہا کہ فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی برتنے والوں کیساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔