کراچی(21 اگست 2025): منگل کی بارش کے بعد کراچی کے متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہے جبکہ 48 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود مختلف علاقوں میں بجلی بند ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر میں بجلی کی بندش کے خلاف علاقہ مکینوں کا کے الیکٹرک کے دفتر پر احتجاج کیا گیا، احتجاج کے باعث مظاہرین نے دونوں ٹریک بند کردئی۔
نارتھ ناظم آباد بلاک اے اور گلستانِ جوہر بلاک 9 میں 34 گھنٹے سے بجلی غائب ہے، جبکہ صفورا گوٹھ اسکیم 33 کی سوسائٹیز بشمول سٹی ولاز میں بھی 36 گھنٹے سے زائد وقت گزر چکا ہے، مگر بجلی تاحال بحال نہیں کی گئی۔
شہر کے دیگر متاثرہ علاقوں میں سعود آباد، غازی گوٹھ، خدا کی بستی، ابراہیم حیدری، شانتی نگر اور اسٹیڈیم روڈ شامل ہیں، جہاں 28 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں 24 گھنٹوں سے بجلی بند ہے، جس کے باعث علاقے میں پانی کا بھی شدید بحران پیدا ہو گیا ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ پانی نہ ہونے کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے پانی کے باعث شہری رل گئے، ملیر ہالٹ سے ماڈل قبرستان جناح ایونیو روڈ آنے جانے والے روڈ ٹریفک کے لئے بند ہے، ٹریفک کو ماڈل قبرستان کٹ سے ائیرپورٹ کی طرف بھیجا جارہا ہے، ملیر ہالٹ سے آنے والے ٹریفک کو شارع فیصل کی طرف بھیجا جارہا ہے۔