کراچی: بارش کے پانی کی نکاسی کا کام کہاں کہاں مکمل ہوگیا؟ رپورٹ کمشنر کو پیش

بارش کے پانی کی نکاسی کے کام سے متعلق رپورٹ کمشنر کراچی کو پیش

کراچی (24 اگست 2025): کراچی میں بارش کے پانی کی نکاسی کے کام سے متعلق تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے کمشنر کو رپورٹ پیش کر دی۔

ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی جاوید نبی کھوسو کی رپورٹ کے مطابق ایم اے جناح روڈ، عبداللہ ہارون روڈ، چاکیواڑہ، کورٹ روڈ، برنس روڈ، ڈاکٹر ضیاء الدین روڈ، ٹاور، اولڈ سٹی روڈ اور شاہراہ ایران کلئیر کر دی گئی۔

جاوید نبی کھوسو نے رپورٹ میں بتایا کہ اُردو بازار، شاہراہ لیاقت، زیب النساء روڈ، ایمپریس مارکیٹ، مرزا آدم روڈ، مائی کلاچی اور نیو کو اپریٹیو کلاتھ مارکیٹ میں کام مکمل کر لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی کی رپورٹ کے مطابق ضلع کورنگی کی تمام سڑکوں پر نکاسی کر دی گئی ہے، علاقے مہران کالونی اور اللہ والا ٹاؤن کے نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کا کام جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارشوں کے بعد سمندری آلودگی میں اضافہ

ڈپٹی کمشنر ملیر سلیم اللہ اوڈھو کی رپورٹ کے مطابق ملیر میں ائیر پورٹ، قائداباد، داؤ چورنگی، میمن گوٹھ، گلشن حدید اسٹیل ٹاؤن، کڈنی سینٹر، لانڈھی جیل، ملیر پندرہ، مہران ہائی وے یوسی بختیار روڈ کلئیر کر دیے گئے۔

سلیم اللہ اوڈھو نے بتایا کہ ضلع ملیر میں پریم ولاز نزد صفوران، سب ڈویژن ائر پورٹ، جٹ پاڑا سب ڈویژن ابراہیم حیدری میں نکاسی کا کام جاری ہے، ضلع شرقی میں اوکھائی میمن، صفورا، گلشن اقبال، سوک سینٹر کلئیر ہیں۔

ڈپٹی کمشنر عربی کی رپورٹ کے مطابق ضلع عربی میں مومن آباد یو سی نو، منگھو پیر، مری روڈ پر نکاسی مکمل کر لی گئی ہے۔

ڈی سی وسطی طحہ سلیم کی رپورٹ کے مطابق وسطی ضلع میں نارتھ ناظم آباد، گلبرگ بندھانی کالونی، لیاقت آباد نزد کلیانی، نیو کراچی اورناظم آباد میں نکاسی مکمل کر لی گئی ہے۔

ناظم آباد کی بعض اندرون گلیو ںاور بلاکس میں نکاسی شروع نہ ہو سکی۔ ڈی سی سینٹرل نے بتایا کہ نکاسی آب کیلیے ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ اندرونی سڑکوں سمیت بارش کے پانی کی نکاسی کیلیے ترجیحی کوششیں کی جائیں، ضلعی بلدیات کے تعاون سے نکاسی جلد مکمل کی جائے۔