کراچی: کرنٹ لگنے سے بھائیوں کی موت، بچے تڑپتے رہے کوئی نہ بچاسکا، والدہ

کراچی شاہ فیصل میں بھائی کی موت

کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں بارش کے پانی میں کرنٹ لگنے سے دو بھائیوں کی موت پر اہلخانہ شدت غم سے نڈھال ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق شاہ فیصل کالونی کے علاقے کی فضا اس وقت سوگوار ہوئی جب بجلی کی زیر زمین تار سے کرنٹ لگنے سے دو بھائی سراج اور مراد جان کی بازی ہار گئے۔

سراج اور مراد کی والدہ نے بتایا کہ حادثے کے وقت کافی دیر تک ان کے بچے تڑپتے رہے لیکن کوئی بچا نہ سکا۔

بہن کا کہنا تھا کہ ایک بھائی کو آرٹ کا شوق تھا جبکہ دوسرا انجینئرنگ کی فیلڈ میں آگے جانا چاہتا تھا۔

اہل محلہ نے بتایا کہ کئی بار شکایت کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، لاوارث شہر میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

واضح رہے کہ شاہ فیصل کالونی تھانے کی پولیس نے ناتھا خان گوٹھ میں کرنٹ لگنے سے 2 بھائیوں کی موت پر ان کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا۔

مقدمے میں سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی سمیت اعلیٰ افسران کو نامزد کیا گیا، مقدمے میں غفلت و لاپروائی کی دفعات شامل کی گئیں۔

یاد رہے کہ پیر کو ناتھا خان گوٹھ میں کرنٹ لگنے سے 10 سالہ مراد اور 20 سالہ سراج جاں بحق ہوگئے تھے، دونوں بھائیوں کی نماز جنازہ گزشتہ روز ادا کی گئی تھی۔