’حب کینال میں حالیہ بارشوں کے باعث نقصانات پیش آئے‘

حب کینال میں حالیہ بارشوں کے باعث نقصانات، چیف انجینئر بلک

کراچی (24 اگست 2025): کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے افسران چیف انجینئر بلک کا کہنا ہے کہ واپڈا کے حدود میں آنے والے حب کینال میں حالیہ شدید بارشوں کے باعث کٹاؤ اور نقصانات پیش آئے۔

چیف انجینئر بلک نے اپنے بیان میں بتایا کہ نقصانات کی مرمت کیلیے حب ڈیم سے حب کینال میں پانی کے اخراج میں 60 فیصد کمی کر دی گئی، مرمتی کام کے دوران حب ڈیم سے شہر کو 100 ملین گیلن کے بجائے 40 ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حب کینال میں شگاف پڑنے کی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی

انہوں نے بتایا کہ واپڈا حب ڈیم حکام نے پانی کی سطح بحالی کیلیے آج شام 4 بجے کا وقت بتایا ہے، حب ڈیم سے حب پمپنگ اسٹیشن تک پانی پہنچنے میں 12 گھنٹے کا وقت لگتا ہے۔

’حب ڈیم سے پانی کے اخراج کے بعد حب پمپنگ اسٹیشن تک فراہمی فوری نہیں ہوتی۔ مرمتی کام کے باعث ضلع غربی، کیماڑی اور وسطی میں پانی کی فراہمی متاثر ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی معمول پر لائی جائے گی، حب کینال میں مرمتی کام کے باعث پانی کی فراہمی متاثر ہوئی، عوام سے تکلیف کیلیے معذرت خواہ ہیں۔