کراچی میں آج بارش ہوگی یا نہیں؟ اہم خبر

کراچی

کراچی میں آج صبح سے مطلع ابر آلود اور موسم خوشگوار ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے آج بارش کے حوالے سے پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہوچکی ہیں۔ شہر قائد کا مطلع ابر آلود اور موسم خوشگوار ہے جب کہ آئندہ چند روز تک مطلع ابر آلود رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج تیز بارش کا امکان نہیں تاہم ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

صبح کے وقت کراچی کی ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ہے اور ہوائیں 15 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ تین روز کے دوران کراچی بھر میں ہلکی اور تیز بارشوں سے کئی علاقوں میں برساتی پانی تاحال جمع ہے اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ تین روز کے دوران سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 228 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔