وزیراعظم شہبازشریف نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے بارشوں سے پیدا شدہ صورحال میں مدد کی پیشکش کر دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم سندھ حکومت کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی پیش کش ہے۔
وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو سندھ حکومت سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلیے ضروریات کے حوالے سے مکمل تعاون فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کو سندھ کے جنوبی اضلاع میں بارش کے پیش نظر مکمل تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت ہنگامی صورتحال سےنمٹنےکیلئے حکومت سندھ کی ہرقسم کی معاونت کرے گی۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کی پیش گوئی کے بعد ہنگامی اجلاس کی صدارت کی تاکہ کراچی سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں متوقع مون سون بارشوں سے نمٹنے کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی اور متعلقہ محکموں اور اداروں کے درمیان قریبی رابطہ و ہم آہنگی کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔