کراچی میں 3 گھنٹوں کے دوران آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان

کراچی بارش

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 3 گھنٹوں کے دوران آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسلا دھار بارش کے دوران نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ ہوگی۔

اب سے کچھ دیر قبل بھی ایئرپورٹ، ملیر، گلشن حدید میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے جبکہ نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن اور اطراف میں بھی بارش جاری ہے۔

صدر، اولڈ سٹی ایریا، سول اسپتال، ناظم آباد، سائٹ ایریا، منگھوپیر روڈ اور اطراف میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔

یہ پڑھیں: کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے لکھا کہ شہر میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش شروع ہے، شہریوں سے گھروں پر رہنے کی درخواست ہے۔

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک عمران رانا کا کہنا ہے کہ بارش سے متاثرہ تمام فیڈرز بحال کردیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی ٹیمیں اب انفرادی شکایات کو درست کررہی ہیں، شہری انتظامیہ کے تعاون سے نکاسی کے بعد بجلی بحال کی جارہی ہے۔