کراچی (19 اگست 2025): محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج علی الصبح ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں اب تک سب سے زیادہ بارش سعدی ٹاؤن میں 35.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گلشن معمار میں 33.3 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ ناظم آباد میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں 12.4، پی ای ایف بیس مسرور میں 11، کورنگی میں 4.6، یونیورسٹی روڈ 4.4، گلشن حدید اور ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اورنگی ٹاؤن 1.5، شارع فیصل پر 1 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ نارتھ کراچی میں 0.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سب سے کم بارش اولڈ ائیرپورٹ ایریا میں 0.2 ملی میٹر بارش ہوئی۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسل جاری ہے جہاں مختلف شاہراہوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
سوک سینٹر سے اسٹیڈیم جانے والی سڑک پر شدید ٹریفک جام ہے جبکہ سوک سینٹر سے سینٹرل جیل جانے والے روڈ پر بھی ٹریفک کا دباؤ ہے۔
ناظم آباد سے لسبیلہ جانے والے روڈ پر پانی جمع سے ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے، گلشن اقبال، بنارس اور نگی ٹاؤن میں بھی پانی جمع ہے۔
موسلادھار بارش کی پیشگوئی
گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں دوپہر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بارشوں کا سلسلہ 22 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ بھارتی راجستھان پر موجود سائیکلونک سرکولیشن کے اثرات 18 اگست کی شام یا رات تک کراچی میں داخل ہوں گے جس کے نتیجے میں شہر میں بارشوں کا آغاز ہوگا۔
موسم کا حال بتانے والوں نے کہا تھا کہ آج شہر میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے جبکہ 20 اور 21 اگست کو گرج چمک کے ساتھ تیز اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔