کراچی: محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ شہر قائد میں آج بھی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گذشتہ روز ہونے والی بارش سے نظام زندگی شدید متاثر ہوا، جبکہ یہ سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔
موسم کا حال بتانے والوں نے شہر میں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے، شہرقائد میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے منگل کی دوپہر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
انتظامیہ نے ناگہانی آفات سے بچنے کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت اقدامات کی ہدایت کی ہے، کئی علاقوں میں تین تین فٹ پانی جمع ہوگیا جس سے شہری حکومت کی کارکردگی کھل کر سامنے آچکی ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، احتیاط ضروری ہے، کے الیکٹرک
دوسری جانب بارش میں کرنٹ سے بچاؤ کے لیے کے الیکٹرک کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہری ٹوٹے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور کے پی ایم ٹیز سے دور رہیں، بارش میں بچوں کا خاص خیال رکھیں اور احتیاط برتیں۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ برقی آلات کے ننگے پاؤں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ نہ چھوئیں، غیرقانونی ذرائع سے ہر گز بجلی حاصل نہ کریں، کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر فوری رابطہ کریں۔