کراچی (20 اگست 2025): شہر قائد میں ایک دن بارش کے تین اسپیل نے نکاسی آب کا نظام فیل کر دیا، محکمہ موسمیات نے مزید دو روز تیز بارشوں کی پیشگوئی بھی کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں بارش کے تین اسپیل برسے، جس نے شہر میں نکاسی کا نظام ٹھپ کر کے رکھ دیا، اور طوفانی بارش کے بعد شہر میں اربن فلڈنگ کی صورت حال پیدا ہو گئی۔
بارش شروع ہونے کے بعد چند گھنٹوں بعد کراچی کے کئی علاقے ڈوب گئے، سڑکوں پر پانی کے ریلے بہتے رہے، سب سے بڑی شاہراہ شارع فیصل بھی اس بار پانی میں ڈوب گئی اور گاڑیاں پھنس گئیں، لوگوں کا فیول ختم ہو گیا تو انھیں گاڑیاں سڑک پر چھوڑنی پڑیں۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شارع فیصل کا دورہ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 6 گھنٹے کی بارش کے بعد جمع ہونے والا پانی اب نکل رہا ہے، برساتی نالے صاف ہیں اور پانی کی نکاسی ہو رہی ہے۔
شہر میں سیلابی صورت حال کے باعث گھر سے نکلنے والے شہری دفتر نہیں پہنچ سکے تھے، جب کہ دفتر سے گھر کے لیے نکلنے والے افراد کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا، لیاری ایکسپریس وے پر دباؤ بڑھنے سے ٹریفک کی بدترین صورت حال بھی پیدا ہوئی، یہاں تک کہ مختلف علاقوں میں اسکول کے بچے بھی رُل گئے، اسکول وینیں سڑک پر بند ہو گئیں، ڈرائیوروں کے فون بند تھے اور والدین پریشان ہوتے رہے، دوپہر کو نکلے بچے شام اور رات کو پہنچ پائے۔
سڑکوں پر جگہ جگہ موٹر سائیکلیں پانی میں بند ہو گئیں اور لوگ مکینک ڈھونڈتے رہے، مکینکوں نے بھی بائیکیں اسٹارٹ کرنے کے معمول سے بہت زیادہ معاوضہ وصول کیا، رکشوں اور آن لائن رائڈز نے بھی کرائے بڑھائے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مزید 2 روز تک بارش کا امکان ہے، آج اور کل زیادہ بارش ہو سکتی ہے، گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران گلشن حدید میں سب سے زیادہ 170 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اولڈ ائیرپورٹ ایریا میں 158، جناح ٹرمینل پر 152.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔