کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں آج رواں سال کی سرد ترین صبح ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں آج رواں سال کی سرد ترین صبح ہے اور شہر میں ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ کی پیش گوئی کردی۔
دوسری جانب کوئٹہ میں یخ بستہ ہواؤں کا راج برقرار ہے اور پارہ منفی دو ڈگری تک گرنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران چمن، زیارت، پشین، مستونگ، قلات، ہرنائی، خضدار، لسبیلہ، تربت، پنجگور اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
لاہور میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم سرد ہوگیا ہے ، صبح شہر کا پارہ سات ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیا۔