کراچی میں رکشہ ڈرائیور نے چالان سے تنگ آکر نس کاٹ لی

کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن میں ٹریفک پولیس کے چالان سے تنگ رکشہ ڈرائیور نے نس کاٹ لی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن میں ٹریفک پولیس کے چالان سے تنگ آکر نس کانٹنے والے رکشہ ڈرائیور کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

رکشہ ڈرائیور کا کہنا ہے کہ آئے روز پانچ ہزار روپے کا چالان کیا جاتا ہے، ٹریفک پولیس تنگ کرتی ہے، پولیس کہتی ہے کہ روڈ پر رکشے کو چلانے کی اجازت نہیں ہے حالانکہ گلشن حدید اور قائد آباد پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ میرے پاس بچوں کو کھلانے کے لیے پیسے نہیں تو چالان کیسے بھروں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل نوابشاہ میں پولیس کی مبینہ زیادتیوں سے تنگ آ کر محنت کش رکشہ ڈرائیور نے تھانہ ایئرپورٹ کے سامنے شدید احتجاج کرتے ہوئے اپنا رکشہ جلا دیا تھا۔

رکشہ ڈرائیور سجاد ملاح کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز اس کے رکشے کی بیٹری چوری ہوگئی تھی، جس کی رپورٹ درج کروانے وہ تھانے گیا مگر ایس ایچ او اور ہیڈ محرر نے نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ گالیاں بھی دیں۔

سجاد ملاح نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی تھی کہ نوٹس لے کر چوری شدہ بیٹری واپس دلوائی جائے اور عوام کو تنگ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔