کراچی : عائشہ منزل پر شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک

کراچی : عائشہ منزل پر شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک

کراچی : عائشہ منزل پر شہری نے فائرنگ کر کے ڈاکو کو موت کی نیند سلا دیا، موٹرسائیکل پر دو ملزمان شہری سے لوٹ مارکر رہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس اور شہریوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دو مختلف واقعات میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ ان کے ساتھی فرار ہوگئے۔

پہلا واقعہ عائشہ منزل کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ شہری نے مزاحمت کرتے ہوئے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں راجہ نامی ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ ہلاک ڈاکو سے اسلحہ اور موبائل فون برآمد کر لیے گئے۔

دوسرا واقعہ سائٹ کے علاقے نورس چورنگی کے قریب پیش آیا، جہاں مبینہ پولیس مقابلے میں حسن رضا نامی ڈاکو مارا گیا۔

پولیس نے کہا کہ ہلاک ڈاکو سے اسلحہ اور موبائل فونز برآمد ہوئے جبکہ اس کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی، واقعے کے دوران ڈاکو کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔