’دو جانیں چلی گئیں‘ ناصر شاہ نے دو زندگیاں بچانے کا کریڈٹ لے لیا

کراچی کے علاقے شادمان ٹاؤن کے نالے میں گرنے کے باعث شیر خوار بچہ اذلان اور ان کی والدہ زندگی کی بازی ہار گئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ شادمان نالے میں گرنے والی دو زندگیوں کو چھوڑ کر دو زندگیاں بچانے کا کریڈٹ لیتے رہے اور کہا کہ شادمان نالے میں جو موٹر سائیکل گری اسے پیپلزپارٹی کے لوگوں نے نکالا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایک کمیٹی بنادی ہے جو تحقیقات کرے گی۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ متاثرہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ موٹرسائیکل پر نالے میں گری تو وہاں جو لوگوں کو نکال رہے تھے ان کا تعلق پیپلزپارٹی سے تھا۔

انہوں نے کہا کہ وہاں پر جو کام کررہے تھے ان کی نااہلی ہے کہ رکاوٹیں کیوں کھڑی نہیں کیں اسی وجہ سے یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

دوسری جانب متاثرہ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اس حکومت نے آج تک کیا ہی کیا ہے سندھ حکومت نے تو ہمارا گھر ہی اجاڑ دیا۔

واضح رہے کہ نالے میں گرنے والے ننھے اذلان کا دو دن بعد بھی کچھ پتا نہ چل سکا ہے۔

یاد رہے کہ کراچی میں‌ بارش کے دوران شادمان ٹاون نالے میں‌ موٹر سائیکل سوار فیملی گر گئی تھی جس کے نتیجے میں‌ اہلیہ جاں‌ بحق ہوگئی تھیں‌ جبکہ شوہر اور ایک بچہ زخمی ہوئے اور دو ماہ بچہ تاحال لاپتا ہے.