پاکستان میں تیار دوسرا ملجم کلاس کورویٹ ‘پی این ایس طارق’ کل لانچ کیا جائے گا

پی این ایس طارق

کراچی : پاکستان میں تیار دوسراملجم کلاس کورویٹ پی این ایس طارق کل لانچ کیا جائے گا، ترک نائب صدر اوروزیراعظم شہباز شریف کراچی میں لانچ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ میں 4 طغرل کلاس فریگیٹس کی شمولیت کے بعد ملجم کلاس کورویٹس کی شمولیت کی تیاریاں جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان میں تیار دوسراملجم کلاس کورویٹ پی این ایس طارق کل لانچ کیاجائےگا، پی این ایس طارق کی لانچنگ کے لئے ترک نائب صدرجاویدیلماز پاکستان آئیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ترک نائب صدر اوروزیراعظم شہبازشریف کراچی میں پی این ایس طارق کولانچ کریں گے، ترک نائب صدرکی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آئے گا۔

ذرائع نے کہا کہ پاکستان،ترکیہ میں مختلف شعبوں میں تعاون کیلئےمفاہمت کی یادداشتوں پربھی دستخط متوقع ہے۔

پاکستان نے 2018 میں ترکیہ کے ساتھ 4 ملجم کلاس یابابرکلاس کورویٹس کی تیاری کامعاہدہ کیاتھا، پاک بحریہ اور ایم ایس اسفات ترکیہ کے معاہدے کے تحت 2ہیوی کورویٹس کی استنبول شپ یارڈ میں تیاری کی۔

دو ہیوی کورویٹس کراچی شپ یارڈ ایند انجینئرنگ ورکس میں تیار کئے جا رہے ہیں، اسٹیلتھ خصوصیات، کثیرالجہتی ویپن سسٹمز اور جدید سینسرز سے ملجم کلاس پاک بحریہ کے جدید ترین جہاز ہوں گے۔

لانچنگ کےبعد پی این ایس طارق کے سمندری ٹرائلز شروع ہوں گے، سمندی ٹرائلز کا مرحلہ مکمل ہونے کےبعد پی این ایس طارق باضابطہ پاک بحریہ بیڑےمیں شامل ہو گا۔

پاک بحریہ کیلئےپہلےملجم کارویٹ پی این ایس بابرکی لانچنگ تقریب اگست 2021میں استنبول میں ہوئی، دوسرے ملجم جہاز پی این ایس بدر کی لانچنگ مئی2022 میں کراچی میں ہوئی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر نےگزشتہ نومبرمیں تیسرے جہازپی این ایس خیبر کاافتتاح کیاتھا، پی این ایس طارق پاک ترک معاہدے کے تحت لانچ چوتھا اورآخری ملجم بابر کلاس کورویٹ ہے۔

ملجم منصوبہ پاکستان ترکیہ اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، پاک بحریہ کےملجم کلاس کورویٹس بیک وقت سطح آب،زیر آب،فضامیں جنگ لڑنےکی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ 2888 ٹن ڈسپلیسمنٹ اور 356 فٹ سے زیادہ طویل ملجم کلاس جہاز 27سے31 ناٹس کی رفتارکے حامل ہیں۔

35سوناٹیکل مائل دائرہ کار کے حامل ملجم کلاس جہازوں کی اینڈیورنس15روزتک ہے، سطح آب پراہداف تباہ کرنے کیلئے ملجم کلاس جہازوں پر پاکستان کاتیار کردہ حربہ کروز میزائل نصب کیاجا سکتا ہے جبکہ سطح سے فضا میں مارکرنے والے میزائلوں کے لئے ملجم کلاس کورویٹس پرورٹیکل لانچنگ سسٹم موجود ہے۔