کراچی میں بارش کے بعد آسمان نارنجی رنگ کا ہوگیا جسے دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں بارش کے بعد غروب آفتاب کے وقت آسمان نارنجی رنگ کا ہوگیا، آسمان نے یہ رنگ کیوں بدلا؟ آئیے جانتے ہیں۔
کبھی سوچا طلوع اورغروب آفتاب کے وقت سورج پیلا یا نارنجی کیوں دکھتا ہے جبکہ سورج تو نیلا، پیلا، سرخ اور سبزرنگ بھی خارج کرتا ہے، اس میں وہ تمام سات رنگ ہوتے ہیں جو قوس قزح میں دیکھے جاسکتے ہیں۔ خلا سے دیکھا جائے تو سورج سفید نظر آتا ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق آسمان کا رنگ بدلنا سورج اور زمین سے خلا تک پھیلی مختلف توانائیوں اور گیسوں کی وجہ سے ہوتا ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ سورج سے نکلنے والے مختلف رنگوں کی توانائی کا لیول الگ الگ ہوتا ہے، نیلی روشنی کی توانائی سب سے زیادہ ہوتی ہے جبکہ پیلے اور نارنجی کی کم ہوتی ہے اور خلا میں روشنی کسی چیز سے نہیں ٹکرا پاتی تو سفید نظر آتی ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ زمین تک روشنی فضا میں موجود مالیکیولز سے ٹکرا کر بکھر کر ہماری آنکھ تک پہنچتی ہے، طلوع اور غروب کے وقت سورج افق کی جانب ہوتا ہے، روشنی فضائی اور ہوائی مالیکیولز میں سے زیادہ گزرتی ہے نتیجے کے طور پر کمزور توانائی والے رنگوں کو تقویت ملتی ہے، افق پیلا، سرخ اور نارنجی نظر آتا ہے۔