کراچی میں دندناتے ٹینکر نے مزید 2 بچوں کی جان لے لی

کراچی (20 جولائی 2025): تیز رفتار ٹینکر نے مزید دو بچوں کی جان لے لی ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جب کہ مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگا دی۔

کراچی میں پابندی کے باوجود دن کے اوقات میں سڑکوں پر ٹینکر اور ڈمپر دندناتے پھرتے ہیں اور آئے روز حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ تاہم اس کے مستقل سدباب کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات سامنے نہیں آ رہے۔

آج بھی ایسے ہی افسوسناک واقعہ میں ٹینکر ڈرائیور نے دو گھروں کے چراغ گل کر دیے۔ یہ واقعہ کراچی میں کورنگی روڈ پر ڈیفنس کالا پل کے قریب پیش آیا۔

تیز رفتار ٹینکر نے موٹر سائیکل پر سوار بچوں کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے جب کہ ڈرائیور موقع دیکھ کر وہاں سے فرار ہو گیا۔

مرنے والے بچوں کی عمر 15 اور 12 سال ہے۔ لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم پولیس کے مطابق فوری طور پر بچوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

دوسری جانب حادثے کے بعد وہاں جمع مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگا دی۔ پولیس نے فوری طور پر فائر بریگیڈ کو طلب کیا جب کہ آگ لگانے کے الزام میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا۔

واضح رہے کہ رواں برس میں اب تک ٹینکر، ڈمپر حادثات میں محتاط اندازے کے مطابق 150 کے قریب شہری جان سے جا چکے ہیں اور ان حادثات نے کئی المناک سانحات کو جنم دیا۔

حکومت کی جانب سے بڑھتے حادثات کے باعث شہر میں دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔ تاہم اب بھی ڈمپر، ٹریلر، ٹینکر سڑکوں پر بلاخوف وخطر دوڑتے رہتے ہیں اور ٹریفک پولیس خاموش تماشائی ہے۔

https://urdu.arynews.tv/karachi-thousands-water-tankers-and-dumpers-on-roads/