کراچی: ویگو گاڑی سے کئی افراد کو روندنے والا ملزم ایل ایل بی کا طالبعلم نکلا

کراچی ویگو گاڑی

کراچی : گلشن اقبال میں ویگو گاڑی سے کئی افراد کو روندنے والا ملزم ایل ایل بی کا طالبعلم نکلا، ملزم معاویہ نے بتایا کہ حادثہ غلطی سے پیش آیا،میں نےڈر کے مارے وہاں رکا نہیں اورگاڑی بھگا دی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں 3بچیوں سمیت 4 افراد کو گاڑی تلے روندنے والے گرفتار ملزم معاویہ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ایل ایل بی طالبعلم ہوں،حادثہ غلطی سے پیش آیا۔

ملزم کا کہنا تھا کہ گاڑی کی ریس پھنس گئی تھی، میں نے جیسے ہی گاڑی موڑی اسپیڈ بڑھ گئی، گاڑی کے سامنے کھڑا شخص تو نظر آیا بچے نظرنہیں آئے۔

معاویہ کا کہنا تھا کہ میں نےڈر کے مارے وہاں رکا نہیں اورگاڑی بھگادی، لوگوں نے پتھراؤاور پولیس نے میرے پیچھے گولیاں چلائیں، اگر میں رکتا تو لوگ مجھ پر تشدد کرتے۔

ملزم نے بیان میں بتایا کہ میری فیملی اس وقت زخمیوں کے پاس اسپتال میں ہے۔

یاد رہے گلشن اقبال میں خوفناک حادثہ پیش آیا تھا، جس میں ریو گاڑی میں سوار شخص نے پیدل افراد کو کچل دیا تھا، پولیس زرائع کے مطابق حادثہ میں دو افراد زخمی ہوئے تھے، بعد ازاں ایک شہری جاں بحق ہو گیا تھا۔

پولیس نے واقعہ کا مقدمہ گلشن اقبال تھانے میں درج کرکے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واقعہ میں ملوث گاڑی اور ڈرائیور کی تلاش شروع کردی تھی۔

فوٹیج میں کالے رنگ کے ویگو کو شہریوں کو روندتے دیکھا جا سکتا تھا ، شہریوں اور بچیوں کو کچلنے والے ویگو کے شیشے بھی کالے ہیں ، حادثے کے بعد شہریوں نے ویگو کو روکنے کی کوشش کی لیکن ویگو گاڑی کا ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہو گیا تھا۔