کراچی میں سمندری ہوائیں پھر بند، گرمی بڑھ گئی

کراچی میں سمندری ہوائیں ایک بار پھر معطل ہونے سے گرمی بڑھ گئی ہے جس نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں چند روز قبل سمندری ہوائیں بحال ہونے پر شہریوں نے شدید گرمی اور ہیٹ ویو جیسی صورتحال سے نجات پانے پر سکھ کا سانس لیا تھا لیکن ان کی یہ خوشی چند روزہ ثابت ہوئی اور شہر قائد میں چلنے والی سمندری ہوائیں آج ایک بار پھر معطل ہوگئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں سمندری ہوائیں معطل ہیں۔ موسم جزوی طور پر ابرآلود ہونے کے ساتھ گرم اور مرطوب ہے۔

اس وقت شمالی مغربی سمت سے ہوا 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے لیکن سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث گرمی کی شدت 41 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے جب کہ دوپہر میں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ پہنچے گا تاہم گرمی 45 ڈگری تک محسوس کی جائے گی۔

کراچی میں آج شام یا رات میں مختلف مقامات پر بوندا باندی کا امکان بھی ہے۔