کراچی : محکمہ موسمیات نے آج دوپہر سے طوفانی بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کراچی والوں کو خبردار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج سے بدھ تک تک تیزبارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
خلیج بنگال کے اوپر بننے والا ہوا کا کم دباؤ مون سون ہواؤں کی شکل میں بھارتی گجرات و راجستھان کے بعد سندھ پر بتدریج اثرانداز ہونا شروع ہوگیا۔
شہر قائد میں آج دوپہر یا رات کو مون سون کا تیسرا اسپیل داخل ہوگا، محکمہ موسمیات نے اس سسٹم کے زیراثر شہر میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ درمیانی سے تیز شدت جبکہ کچھ مقامات پر موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، سرگودھا، بہاولپور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات میں بارشیں ہوں گی جبکہ سانگھڑ، میرپورخاص، عمر کوٹ، بدین میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
وسطی اورجنوبی حصوں میں داخل ہونے والامون سون سسٹم 3اگست تک برقراررہے گا،سسٹم کے زیراثر مغربی اور مشرقی دریاؤں کے بالائی علاقوں میں موسلادھاربارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے