کراچی: شہر قائد کی فضا انتہائی مضر صحت ہوگئی ہے، جس کی بنا پر کراچی آج دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سر فہرست ہوگیا ہے۔
ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق آج کراچی کی فضا انتہائی مضر صحت ہے، شہر کی فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار351 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہیں، جس کے باعث کراچی دنیا کےآلودہ ترین شہروں میں آج پہلے نمبر پر آگیا ہے۔
ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق بھارت کا دارالحکومت دہلی دوسرے اور کرغزستان کا شہر بشکیک تیسرے نمبر پر دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دئیے گئے ہیں۔
ایئرکوالٹی انڈیکس کی درجہ بندی کے مطابق 151سے200درجے تک آلودگی مضر صحت ہے جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کوظاہر کرتا ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کیا ہے؟
ہوا میں ان مادّوں کے تناسب کی سائنسی اور معیاری طریقے سے جانچ کے بعد ہی فضائی آلودگی کی رپورٹ جاری کی جاتی ہے، ہوا میں کثیف مادّوں کے ساتھ گیسوں کی بڑی مقدار آلودگی کا سبب بنتی ہے جسے ایئر کوالٹی انڈیکس کے معیار کے مطابق جانچا جاتا ہے، یہ ایک ایسا آلہ ہے جو تھرما میٹر کی طرح کام کرتا ہے۔ اس میں پیمائش کے درجے صفر سے پانچ سو ڈگری تک ہوتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر ہوا کے جائزے کے دوران صفر سے پچاس ڈگری تک نتیجہ سامنے آئے تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ ہوا یا ہماری فضا میں گیسوں کا تناسب بالکل درست ہے، اگر یہ درجہ پچاس سے سو کی حد تک جائے تو کہا جائے گا کہ گیسوں کی مقدار نارمل سے زیادہ ہے، لیکن یہ زمین پر موجود جانداروں کی صحت کے لیے نقصان دہ نہیں ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہوا میں گیسوں کا تناسب سو سے ڈیڑھ سو کی حد تک جائے تو ان لوگوں کے لیے مسئلہ بنتا ہے جو کسی بھی قسم کی الرجی اور جسمانی کم زوری کا شکار ہوتے ہیں، اسی طرح بچوں اور عمر رسیدہ لوگ اس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔زمین پر ہر قسم کی حیات کے لیے ناگزیر عنصر یعنی ہوا دراصل مختلف گیسوں کا امتزاج ہے جس میں آکسیجن اور نائٹروجن کی بڑی مقدار کے علاوہ کاربن ڈائی آکسائیڈ، اوزون، سلفر ڈائی آکسائیڈ اور کاربن مونو آکسائیڈ جیسے بے شمار دیگر چھوٹے مادّے بھی موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ :گھر بنانے والے ہر شہری کیلئے 2درخت لگانا لازمی قرار
صنعتی ترقی کے ساتھ فضا میں ایسے مادّے اور مختلف ذرات کی تعداد میں اضافہ ہوا اور انسان کی صحت اور زندگی پر اس کے نہایت برے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ گاڑیوں، انجنوں، فیکٹریوں سے خارج ہونے والی گیسوں اور دیگر فضلے کی وجہ سے ہوا میں ایسے ذرات اور چھوٹے مادّوں کی تعداد اور مقدار بڑھ جاتی ہے جو خاص حد سے تجاوز کرجائیں تو ہوا کو آلودہ کر دیتے ہیں۔