کراچی: انڈر پاس میں ٹریفک حادثہ، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق

کراچی(25 اگست 2025): ڈرگ روڈ انڈر پاس میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک ٹریفک حادثہ ڈرگ روڈ انڈر پاس میں پیش آیا، ایس ایس پی ڈاکٹر فرخ رضا کا کہنا ہے کہ انڈر پاس کے اندر مسافر بس نے 2 موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، ایک خاتون زخمی بھی ہوئیں۔

ریسکیو کی جانب سے میتوں اور زخمی خاتون کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر ( جے پی ایم سی) منتقل کیا گیا ہے، جاں بحق افراد میں 45 سالہ حارث، 30 سالہ شعیب اور 60 سالہ خاتون نائلہ شامل ہیں۔

ایس ایس پی فرخ رضا کا کہنا ہے کہ حادثہ منی بس کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے، پولیس نے تعاقب کر کے بس تحویل میں لے لی اور ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جارہی ہے۔