کراچی ٹریفک پولیس نے آزادی کا جشن کس طرح منایا؟

ٹریفک پولیس کا ماننا ہے کہ ہمارا ملک بہت مضبوط ہے، یہ آگے بھی بہت ترقی کرے گا، ہمیں جو آزادی ملی ہے اس میں بہت سے قربانیاں شامل ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق یوم آزادی پر مادر وطن سے محبت کا اظہار کرنے کےلیے کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکار نے سبز ہلالی پرچم لیے کاروں اور موٹرسائیکلوں پر سوار ہوکر شہر کی سڑکوں پر ریلی کی شکل میں پیٹرولنگ کی اور جشن آزادی کا لطف دوبالا کیا۔

یوم آزادی پر اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے لیڈی ٹریفک وارڈن نے کہا کہ بہت اچھا محسوس ہورہا ہے کہ ہم ایک آزاد ملک میں رہتے ہیں جو بھی پاکستان میں رہتا ہے اسے یہی احساس ہوتا ہے۔

مرد ٹریفک پولیس اہلکار نے کہا کہ بہت اچھا لگ رہا ہے، ہم جشن آزادی کے موقع پر تمام پاکستانیوں کی خوشی میں اکھٹے ہیں ان کے ساتھ شریک ہیں۔

ایک اور لیڈی پولیس اہلکار کا عوام کو مشورہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر آپ قانون کی پابندی کریں گے تو جو لوگوں کو ٹریفک پولیس سے شکایت ہے کہ یہ چالان کردیتے ہیں اس چیز سے عوام کو ریلیف مل جائے گا۔

سینئر ٹریفک پولیس اہلکار نے کہا کہ میں یہی پیغام دوں گا کہ اپنے ملک سے محبت کریں اور مخلص رہیں، ٹریفک کے قوانین کی پابندی کریں اور ہیلمٹ پہنیں اور روڈ سیفٹی کا خیال کریں جبکہ ڈرائیونگ لائسنس بھی ساتھ رکھیں۔