کراچی کے لیے خوشخبری، ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل ہونے کے قریب

کراچی: سندھ حکومت اور کوریا کی کمپنی کے مابین ٹرانسپورٹ پر معاہدہ طے ہوگیا جس کے تحت شہر قائد میں ایک ہزار نئی بسیں چلائی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے شہر قائد کے باسیوں کو خوشخبری دی ہے کہ ٹرانسپورٹ مسائل میں گھرے کراچی کا اہم مسئلہ اب جلد ہونے جارہا ہے۔

صوبائی وزیرٹرانسپورٹ اویس شاہ نے تصدیق کی کہ حکومتِ سندھ اورکوریا کی ٹرانسپورٹ کمپنی کے مابین معاہدہ طے پاگیا جس کے تحت آئندہ دو ماہ میں 200 بسیں کراچی کے مختلف روٹس پر چلنا شروع ہوجائیں گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ آئندہ دو سالوں کے دوران تقریباً ایک ہزارنئی بسیں سڑک پرچلتی نظر آئیں گی، کرایہ سندھ حکومت خود طے کرے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ کراچی شہر کے مختلف روٹس پر آئندہ دو سالوں میں ایک ہزار بسیں چلائی جائیں گی، معاہدے کے تحت پہلے مرحلے میں 60 روز میں 60 بسیں کراچی میں لائی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں 2 ماہ دن بعد 200 بسیں سڑکوں پر آجائیں گی۔

وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ نئی بس سروس کراچی کے 40 مختلف روٹس پر چلیں گی اور یہ 10 سے 15 کلو میٹر کے روٹ طے کریں گی، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت بہت جلد کراچی سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں بھی بسوں کا تحفہ دیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کو نظر انداز کرنے کے تاثر کو غلط ثابت کردکھایا ہے۔