کراچی میں ڈیپ ڈیپریشن کے اثرات نمایاں ، ایک خاتون جاں بحق

کراچی

کراچی : شہر قائد تیز ہوا کے باعث مختلف علاقوں میں درخت گرگئے ، جس کی زد میں آکر خاتون جاں بحق ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈیپ ڈیپریشن کے اثرات نمایاں ہونے لگے، شہر میں تیز ہوا کے باعث تین علاقوں میں درخت گرگئے۔

ترجمان ریسکیو ون ون ٹو ٹو نے بتایا کہ گلشن اقبال میں اسٹیڈیم روڈ کےقریب درخت گرگیا، جس کی زد میں آکر خاتون جاں بحق ہوگئی تاہم اب تک شناخت نہ ہوسکی۔

گلستان جوہر بلاک ٹین میں بھی تیز ہوا کے باعث درخت گرگیا جبکہ گلشن اقبال بلاک سترہ میں درخت بجلی کے تاروں پر جاگرا، جس سے علاقے کی بجلی معطل ہوگئ اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

خیال رہے بحیرۂ عرب میں اٹھنے والا سمندری طوفان اس وقت کراچی سے تقریباً 200 کلومیٹر دور ہے اور 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہا ہے اور آج شام تک شمال مشرقی بحیرہ عرب اور ملحقہ سندھ کی ساحلی پٹی میں داخل ہوسکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے اس حوالے سے بتایا کہ طوفان کارخ ساوتھ ویسٹ کی جانب ہے اور کراچی اور سندھ کی ساحلی پٹی کا ممکنہ طوفان کے ٹکرانے کا کوئی امکان نہیں تاہم اس کےآثرات سے سندھ بھر تیز بارشیں ہوں گی۔