کراچی: صدر میں نجی اسپتال کے قریب سے مطلوب ملزم گرفتار

کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گرد

کراچی : سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن نے صدر میں نجی اسپتال کے قریب سے مطلوب ملزم فہد کو گرفتار کرلیا، ملزم نے لسانی جھگڑوں کے دوران 2 روز تک دہشت گردی کی تھی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے صدرمیں نجی اسپتال کے قریب سے مطلوب ملزم فہد کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزم نے لسانی جھگڑوں کے دوران 2 روز تک دہشت گردی کی تھی اور پیر آباد میں 27 اور 28 جون کو فائرنگ کرکے 5 افراد کو قتل کیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم فہد نے 27 جون کو بلال اور نثار کو فائرنگ کر کے قتل کیا، مدینہ کالونی میں28جون کو دونوں میتیں وصول کرکے احتجاج کیا جارہا تھا، احتجاج کے بعد کفن دفن کیلئےجاتے وقت فائرنگ کی گئی۔

حکام نے کہا کہ دوسرے واقعے میں گولیاں لگنے سے 3 افراد جاں بحق ہوئے تھے، پہلا مقدمہ 27جون دوسرا مقدمہ 28 جون کو درج کرایا گیا تھا، ملزم نے لسانی بنیادوں پر ساتھیوں سمیت کاروائیاں انجام دی تھیں۔

گرفتار ملزم کا والد بھی لسانی قتل کے الزام میں جیل کاٹ رہا ہے، ملزم فہد سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔