کراچی: موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں کل سے مون سون کا تیسرا اسپیل شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مون سون کے تیسرے اسپیل کے زیر اثر کراچی میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی مطلع ابر آلود جب کہ موسم مرطوب رہے گا، رات کے اوقات میں بوندا باندی ہونے کا امکان ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 69 فی صد ہے، جنوب مغربی سمت سے ہوائیں 11 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
ادھر پنجاب شدید بارشوں کی زد پر ہے، روالپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل چوبیس گھنٹوں سے بارش برس رہی ہے، جس کے باعث فلڈ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، راولپنڈی نالہ لئی میں طغیانی آنے پر خطرے کے سائرن بجائے گئے، اور شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
رات سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری، خطرے کے سائرن بج گئے
راولپنڈی اور چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے مختلف نشیبی علاقے زیر اب آ گئے ہیں جس پر امدادی ٹیمیں طلب کر لی گئی ہیں، شہر کے مختلف مقامات پر امدادی کاروائیوں کے لیے اسٹینڈ بائی ٹیمیں پہنچ گئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں بارش کا سلسلہ آئندہ چند گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری طرف پنجاب میں بارش کے دوران حادثات میں اموات کی تعداد بھی بڑھ کر 36 ہو گئی ہے، رات گئے لاہور کے اکبری دروازے میں عمارت گرنے سے خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔