بارش برسانے والے سسٹم کی انٹری ، کراچی والے تیار ہوجائیں!

پنجاب بارش

کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں 18 جولائی کی شام سے بارش کی پیشگوئی کردی اور کہا بارش برسانے والا یہ نظام شمالی علاقوں سے سندھ پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق مون سون کا زوردار اسپیل پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں جم کر بارش برسا رہا ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا کہ شہر قائد میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب ہے‌۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہیں اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک جانے کا امکان ہے تاہم صبح اور رات کے اوقات میں بوندا باندی کی توقع ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں نے 15 سے 17 جولائی تک ملک کے مختلف مقامات پر بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے بارش برسانے والا یہ نظام شمالی علاقوں سے سندھ پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں : محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے کراچی میں 18 جولائی کی شام سے بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 19 اور 20 جولائی کو کراچی میں اچھی بارش کی توقع ہے۔

سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی اس سسٹم کے تحت بارشوں کی توقع ہے۔

دوسری جانب حیدرآباد میں بارش نے نظام زندگی مفلوج کردیا، شہریوں نے رات جاگ کرگزاری، نکاسی آب کے ناقص انتظام کے باعث سڑکیں اورگلیاں ڈوب گئیں جبکہ سو سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے ، جس سے شہر اندھیرے میں ڈوبا رہا۔

محکمہ موسمیات نے کلاؤڈ برسٹ کی اطلاع کی تردید کرتے ہوئے کہا تیس منٹ میں پچاس ملی میٹربارش ہوئی۔