کراچی میں تیز بارش، محکمہ موسمیات کا اہم بیان سامنے آگیا

کراچی میں تیز بارش، محکمہ موسمیات کا اہم بیان سامنے آگیا

کراچی(28 اگست 2025): کراچی کا مطلع ابر آلود اور موسم مرطوب ہت جبکہ گرمی کی شدت محسوس کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے کے باعث گرمی کی شدت محسوس کی جا رہی ہے، سمندری ہوائیں بحال ہے اور 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاسکتا ہے، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر قائد میں آئندہ چند روز تک تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح و رات میں بوندا باندی ہوسکتی ہے، نمی کا تناسب اس وقت 78 فیصد ہے۔

دوسری جانب فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے پنجاب میں دریائے چناب، راوی اور ستلج میں سیلاب کی تازہ ترین صورت حال جاری کی ہے۔

دریائے چناب خانکی بیراج پر پانی کا بہاؤ 8 لاکھ 59 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، قادرآباد بیراج پر پانی کا بہاؤ 9 لاکھ 96 ہزار کیوسک ہے، دونوں مقامات پر انتہائی خطرناک اونچے درجے کا سیلاب ہے جس کے لیے فلڈ وارننگ جاری کی گئی ہے۔

دریائے چناب ہیڈ مرالہ پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 91 ہزار کیوسک ہے، اسے بھی اونچے درجے کا سیلاب بتایا گیا ہے اور عوام سے محتاط رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔