اعظم خان کی شاندار اننگز، کراچی وائٹس نیشنل ٹی 20 کے فائنل میں پہنچ گئی

اعظم خان

کراچی: نیشنل ٹی 20 کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں کراچی وائٹس نے راولپنڈی کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، فائنل میں ایبٹ آباد اور کراچی کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی وائٹس نے راولپنڈی کی جانب سے دیا گیا 178 رنز کا ہدف 18.1 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اعظم خان نے 25 گیندوں پر 38 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 2 چوکے اور تین چھکے شامل تھے، انور علی 15 گیندوں پر 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

راولپنڈی کی جانب سے مہران ممتاز اور جہانداد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل راولپنڈی نے پہلی اننگ میں مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے تھے، عمر امین کی 82 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔

محمد نواز 35 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ذیشان ملک 32 رنز بنا کر سہیل خان کا نشانہ بنے۔

کراچی وائٹس کی جانب سے شاہنواز ڈاہانی اور سہیل خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔