کراچی: شہر قائد کے علاقے شیریں جناح کالونی میں بیوی نے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرادیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں بیوی نے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرادیا، پولیس نے خاتون سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے ساتھی کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرایا تھا، قتل میں ملوث ملزمہ اور ساتھی بلال نے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔
ملزم بلال نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ نسرین گھر کے سامنے رہتی تھی کچھ عرصہ پہلے دوستی ہوئی تھی، نسرین نے کہا شوہر تشدد کرتا ہے چھٹکارا چاہتی ہوں۔
مزید پڑھیں: شکارپور، شوہر نے ایڈز کے شک میں بیوی کو قتل کردیا
گرفتار ملزم کا کہنا تھا کہ نسرین نے ایک لاکھ روپے دئیے اور کہا کسی اور سے قتل کرانا ہے، میں نے دوست احسن کو قتل کے لیے ایک لاکھ روپے کی لالچ دی تھی۔
ملزم کا کہنا تھا کہ صدیق کو بہانے سے احسن نے بنگلے پر بلایا جہاں وہ گارڈ تھا، بنگلے پر صدیق کو قتل کیا، لاش کو موٹر سائیکل کے ذریعے عمر شریف پارک کے قریب پھینکا تھا۔
ملزم کے مطابق واردات کے بعد نسرین سے 50 ہزار روپے لے کر احسن کو دئیے، احسن رقم لینے کے بعد فرار ہوگیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق رقم لے کر احسن کراچی چھوڑ کر بھاگ گیا ہے، پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔