کراچی میں ڈاکو راج، راہ چلتی خاتون گولی لگنے سے جاں بحق

کراچی خاتون جاں بحق

کراچی میں قطر اسپتال کے قریب راہ چلتی خاتون گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں قطر اسپتال کے قریب مسلح ڈاکو دو سیلز مینوں کو لوٹ رہے تھے کہ پولیس پہنچ گئی فائرنگ کے تبادلے میں ایک گولی راہگیر خاتون کو جالگی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئی۔

ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ خاتون کی موت کراس فائرنگ سے نہیں ہوئی، پولیس نے واردات کے بعد ملزموں کا پیچھا کیا اور مقابلہ ہوا، ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کے شوہر کا کہنا ہے کہ وہ پارکنگ میں موٹر سائیکل کھڑی کررہے تھے کہ اچانک ڈاکو بھاگتے ہوئے آئے اور فائرنگ شروع کردی۔

خاتون کے شوہر نے بتایا کہ میری بیوی گولی لگنے سے گر گئی۔ کچھ دیر کے بعد پولیس اہلکار ملزمان کا پیچھا کرتے ہوئے پہنچے تھے۔

واضح رہے کراچی میں رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 46 ہوگئی ہے۔

گزشتہ روز کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ماموں کے گھر افطاری پر آیا نوجوان زوہیب کو ڈاکوؤں نے مزاحمت پر قتل کردیا تھا۔