کراچی میں شادی سے ایک روز قبل فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی دارالعلوم روڈ پر 22 سالہ نوجوان کو شادی سے ایک روز قبل فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
مقتول کی شناخت 22 سالہ اسامہ کے نام سے ہوئی جسے چار گولیاں ماری گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے دوست طلحہ کو حراست میں لیا ہے۔
لواحقین نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ اسامہ کو اس کا دوست طلحہ کل ساتھ لے کر گیا تھا، اسامہ کی کل شادی اور آج مہندی کی تقریب تھی۔
ادھر کراچی کے علاقے سولجر بازار میں فلیٹ سے تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ بزرگ شہری کو گلا دبا کر قتل کیا گیا، ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے، مقتول عبدالستار کی فیملی بیرون ملک میں مقیم ہے جبکہ وہ فلیٹ میں اکیلا رہتا تھا۔
پولیس کے مطابق فلیٹ سے موبائل فون غائب ہیں اور سامان بھی بکھرا ہوا ہے، پڑوسیوں نے مقتول کی موٹرسائیکل اور چپلیں فلیٹ کے باہر دیکھ کر تالا کاٹا۔