کراچی : ڈاکوؤں کی فائرنگ سے چار بہنوں کا اکلوتا بھائی قتل

کراچی : ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی پچیس سالہ اسامہ دم توڑ گیا، چار بہنوں کا اکلوتا بھائی بی بی اے کا طالبعلم چھ روز تک اسپتال میں زیرعلاج رہا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں موت بانٹتے ڈاکوؤں نے ہنستے بستے کی گھر کے خواب ہی چھین لیے، نارتھ ناظم آباد میں ڈاکوؤں کی گولی کی نشانہ بننے والا اسامہ چھ روز زندگی اورموت کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔

ڈی سی آفس کے قریب 11فروری کے روز 25 سالہ اسامہ اپنے دس سالہ کزن کے ہمراہ اے ٹی ایم سے رقم نکال کر موٹر سائیکل پر سوار ہی ہوا تھا کہ ملزمان نے روکنے کی کوشش کے دوران فائرنگ کردی۔

فائرنگ سے نہ صرف اسامہ بلکہ ساتھ موجود دس سالہ کزن امان بھی زخمی ہواتھا۔

مقتول بی بی اے کا طالب علم اور چار بہنوں کا بھائی تھا، جو گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے نجی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا۔

اہلخانہ کا کہنا ہے کہ پولیس تاحال قاتلوں کو پکڑنے میں کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کرسکی،اعلیٰ حکام نوٹس لیں اور انصاف دیں۔