کرپشن سے پاک معاشرہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے، کرامت علی کھوکھر

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک کرامت علی کھوکھر کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت پر کرپشن کے حوالے سے کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک کرامت علی کھوکھر نے کہا کہ کرپشن کا ٹائی ٹینک انجام کو پہنچنے جا رہا ہے، لوٹ مار کرنے والوں کو اپنے کیے کی سزا بھگتنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن سے پاک معاشرہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے، وزیراعظم عمران خان ملک کو درست ٹریک پر ڈال رہے ہیں۔

ملک کرامت علی کھوکھر نے کہا کہ موجودہ حکومت پر کرپشن کے حوالے سے کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ غلط کام کریں گے نہ کسی کو کرنے دیں گے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل سابقہ حکومتوں کی نا اہلی کا نتیجہ ہیں، کم سے کم وقت میں بہتر سے بہتر کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں۔

ملک کرامت علی کھوکھر نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ ان کا وزیر اعظم دیانت دار اور محنتی ہے، مشکلات کے بعد جلد آسانیاں شروع ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے آتے ہی اداروں سے سیاسی مداخلت ختم کی اور اداروں کو بااختیار بنایا جس کی وجہ سے آج ملک لوٹنے والوں کے خلاف ادارے میرٹ پر کام کررہے ہیں۔