کرن جوہر کا اپنی فلموں کی تعریف کرنے کیلیے لوگوں کو پیسے دینے کا اعتراف

ممبئی: مشہور بھارتی فلم ہدایت کار کرن جوہر نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اپنی فلموں کی جھوٹی تعریف کرنے کیلیے لوگوں کو پیسے دیتے ہیں۔

بالی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق کرن جوہر نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ میں ایسا اس لیے کرتا تھا کیونکہ انٹرنیٹ پر وائرل ہونے کے خواہشمند افراد کے ذریعے میری فلموں کے خلاف غیر ضروری نفرت پھیلائی جاتی تھی۔

کرن جوہر نے کہا کہ اگر آپ دیکھیں تو نفرت پھیلانے والے سینما گھروں کے باہر لوگوں سے بات کرتے ہیں اور وہ انتہائی سنسنی خیز باتیں کہلوانا چاہتے ہیں، کچھ لوگ اونچی آواز میں ردعمل کا اظہار کر کے وائرل ہونا چاہتے ہیں۔

فلم ہدایت کار کے مطابق کبھی کبھار ہم پی آر کے ذریعے بھی فلموں کی تعریف کرواتے ہیں اور ایسا بھی ہوتا ہے، بعض اوقات آپ بھی کامیابی کیلیے جدوجہد کرتے ہیں، بطور پروڈیوسر آپ ہر ممکن کوشش کرتے ہیں تاکہ لوگ آپ کی فلم دیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر فلم کیلیے الگ حکمت عملی ہوتی ہے، زیادہ تر فلمیں خود کارکردگی دکھاتی ہیں جبکہ کچھ کیلیے ہمیں ایسا تاثر دینا پڑا ہے کہ جیسے وہ بہت اچھا بزنس کر رہی ہوں۔

کرن جوہر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ جب فلمیں باکس آفس پر بہت اچھی کارکردگی دکھاتی ہیں تو میں میڈیا پر بات یا انٹرویوز نہیں دیتا کیونکہ پھر مجھے اس کی ضرورت نہیں ہوتی۔