ممبئی: کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ میں رانی مکھرجی، شاہ رخ خان اور کاجول نے ایک ساتھ کام کیا تھا جسے آج بھی لوگ پسند کرتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق رانی مکھرجی اور کاجول حال ہی میں ’کافی ود کرن‘ شو کے سیزن 8 کی مہمان بنیں جہاں نے ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ فلم کے سیٹ پر پیش آئے دلچسپ واقعے سے پردہ اٹھایا۔
رانی مکھرجی نے انکشاف کیا کہ فلم کے سیٹ پر کرن جوہر نے میرے ہاتھوں سے کھانا چھین کر مجھے مارا تھا۔ اس کی وجہ بتاتے ہوئے فلمساز نے کہا کہ میں نے انہیں وزن کم کرنے کی ہدایت کی تھی تاکہ وہ فلم کیلیے مخصوص لباس پہنچ سکیں۔
کرن جوہر نے بتایا کہ رانی مکھرجی نے کہا تھا وہ 4 سے 5 کلو وزن کم کر لیں گی، لیکن یہ ناکافی تھا۔ انہوں نے بتایا کہ میں اس پریشانی میں تھا وہ لباس کیسے پہنیں گی۔
فلمساز نے بتایا کہ ہم جس ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے وہاں کی انتظامیہ کو میں نے ہدایت کی کہ اداکارہ کے کمرے سے کھانے کا آرڈر آئے تو سروس مت دیجیے گا۔
شو میں گفتگو کرتے ہوئے رانی مکھرجی نے بتایا کہ ایک دن سیٹ پر میں بہت مزیدار ناشتہ کر رہی تھی کہ اچانک کرن جوہر پہنچ گئے اور مجھے کہا آپ یہ نہیں کھا سکتیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب میں نے ان کی بات نہیں مانی تو انہوں نے ہاتھوں سے کھانا چھین کر مجھے مارا اور بعد میں کہا کہ یہ مذاق تھا۔