’عالیہ بھٹ میری پہلی اولاد جیسی ہے‘

’عالیہ بھٹ آج کی بہترین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں‘

ممبئی: بھارت کے مشہور فلم ہدایتکار کرن جوہر نے اقربا پروری کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے عالیہ بھٹ کو اپنی پہلی اولاد جیسی قرار دے دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کرن جوہر سے حالیہ انٹرویو میں ان پر لگائے گئے اقربا پروری کے الزامات کے بارے میں دریافت کیا گیا تو انہوں نے کھل کر بات کی۔

کرن جوہر نے کہا کہ میں نے کسی بھی چیز کیلیے معافی مانگی اور نہ کبھی مانگوں گا، مجھے جو ٹھیک لگے گا اسے فلموں میں کاسٹ کروں گا۔

ہدایتکار نے کہا کہ اگر مجھے لگتا ہے کہ کوئی فلم انڈسٹری میں ہونا چاہیے تو اسے لاؤں گا، عالیہ بھٹ میری پہلی اولاد جیسی ہے، میں اس سے ہمیشہ پیار کروں گا اور وہ میری زندگی کا ایک حصہ ہے، لوگوں کو جو کہنا ہے وہ کہیں۔

انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ وہی کرتا ہوں جو میرا دل کہتا ہے، میری والدہ نے سکھایا ہے کہ جب تمہیں لگے کہ تم غلط ہو تو پھر مان لو۔

فلم انڈسٹری میں کرن جوہر کو ایک تجربہ کار ہدایتکار مانا جاتا ہے جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر انڈسٹری کو چار چاند لگائے۔ وہ گزشتہ 2 دہائیوں سے بالی وڈ کا حصہ ہیں۔

عالیہ بھٹ، ورون دھون اور سدھارتھ ملہوترا کو پہلی بار اسکرین پر لانے والے کرن جوہر ہیں۔ انہوں نے ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے نام سے ایک فلم بنائی جس میں مذکورہ فنکاروں کو مرکزی کردار سونپے۔

صرف یہی نہیں بلکہ آج بھی وہ ان اداکاروں کو سپورٹ کرتے ہیں اور یہی وجہ ان پر اقربا پروری کو فروغ دینے جیسے الزامات ہیں۔