بالی ووڈ فلم میکر کرن جوہر نے انکشاف کیا ہے کہ فلم کے لیے میں مرد اداکاروں کو بھاری معاوضے دینا بند کردیے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ انٹرویو میں فلمساز کرن جوہر نے کہا کہ بالی ووڈ میں ٹوٹل 6 ہیروز ہیں اور انہی کو کاسٹ کیا جاتا ہے اب وقت آگیا ہے کہ نئے اداکاروں کو موقع دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میں دیگر فلم میکرز کو بھی کہوں گا کہ وہ مرد اداکاروں کے معاوضے میں کمی کردیں۔
کرن جوہر نے بتایا کہ ان کی کم بجٹ کی نئی فلم ’کِل‘ میں کام کرنے سے بڑے اداکاروں نے انکار کردیا، وہ فلم کا اتنا معاوضہ طلب کررہے تھے جتنا پوری فلم کا بجٹ تھا پھر میں نے نئے اداکاروں کاسٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ فلم ’کِل‘ کا بجٹ 40 کروڑ روپے تھا اور مشہور اداکار بھی اتنا ہی معاوضہ طلب کررہے تھے تو میں نے ان سے کہا کہ کیا آپ گارنٹی دیں گے کہ فلم 120 کروڑ روپے کمالے گی۔
دوسری جانب زویا اختر نے بھی کہا کہ مرد اداکار یا ہیرو فلم کا 70 فیصد بجٹ اپنے معاوضے کی صورت میں لے جاتے ہیں اب سلسلے کو بدلنا چاہیے، اداکاروں کے معاوضے کو کم کرکے اسے ٹیکنیکل اسٹاف کو دینا چاہیے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایک انٹرویو میں کرن جوہر نے بتایا تھا کہ کچھ اداکاروں کو یہ یقین ہے کہ انہیں 20 کروڑ روپے ادا کیے جاسکتے ہیں جبکہ ان کی فلم صرف 5 کروڑ روپے کی اوپننگ حاصل کرنے میں کامیاب ہوتی ہے۔