اسلام آباد: کرتاپورراہداری کے لیے فنڈز کی فراہمی کی ترمیم شدہ سمری وزیراعظم کو منظوری کے لیے ارسال کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کرتارپورراہداری کےلیےاضافی فنڈزکی فراہمی کامعاملے پر فنڈز فراہم کرنے کی ترمیم شدہ سمری وزیراعظم عمران خان کو ارسال کردی گئی جس میں وزارتِ داخلہ نے ایف آئی اے کے مطلوبہ فنڈز اور اسامیوں کی کٹوتی کردی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے ایف آئی اے کی سمری وزیراعظم آفس کو ارسال کی گئی جس میں سفارش کی گئی کہ کرتارپور راہداری کے لیے فنڈ 28 روپے سے کم کر کے 24 کروڑ کردیا گیا اور اب 284 کے بجائے 217 نئی بھرتیاں ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سےسمری سیکرٹری اعظم سلیمان نےوزیراعظم ہاؤس کو ارسال کی جس پر عمران خان کی منظوری کے بعد عملدرآمد شروع ہوگا۔
مزید پڑھیں: کرتارپور راہداری: بھارت کی ڈیرہ بابا نانک سے عالمی سرحد تک فلائی اوور بنانے کی پیش کش
یاد رہے کہ کرتارپور راہداری منصوبے پر کام تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے، انتظامیہ کے مطابق سڑک تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور ابھی 6 ستونوں پر کام باقی ہے جس پر کام تیزی سے جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق سڑک کی تکمیل بھی آخری مرحلے میں داخل ہوگئی جبکہ بابا گرنانک کے احاطے کی توسیع کے لیے تالاب کو وسیع کرنے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے، تعمیراتی کام کے دوران دربار کرتارپور کا احاطہ 350 فٹ تک کشادہ کر دیا گیا جبکہ امیگریشن حکام کے لیےعمارت بھی تیار کی جا رہی ہے، دوسری طرف سکھ یاتریوں کے لیے چیک اِن کاؤنٹر اور انتظار گاہ بھی آخری مراحل میں داخل ہو گئی۔