کرتارپور گوردوارے سے سیلابی پانی نکال دیا گیا

کرتارپور گوردوارے سے سیلابی پانی نکال دیا گیا

نارووال: کرتارپور گوردوارے سے سیلابی پانی نکال دیا گیا اور کرتارپور جنم استھان کے تمام حصوں کو مکمل صاف کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی ہدایت پر کرتارپور گردوارہ صاحب میں بڑے پیمانے پر صفائی اور بحالی کا ہنگامی آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

تاریخی اور مقدس سکھ عبادت گاہ آئندہ چند دنوں میں بین الاقوامی یاتریوں کے لیے دوبارہ کھول دی جائے گی۔

حالیہ شدید سیلاب کے باعث گردوارہ کمپلیکس 10 سے 12 فٹ تک پانی میں ڈوب گیا تھا، ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موٹر بوٹس کے ذریعے یاتریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فوری بحالی اور صفائی کے لیے خصوصی آپریشن کا حکم دیا۔

ان کی ہدایت پر ستھرا پنجاب ٹیموں اور متعلقہ سرکاری محکموں نے دن رات محنت کر کے پانی نکالا، احاطے کی مکمل صفائی کی اور درشن دیوڑی سمیت گردوارے کے تمام حصے دوبارہ قابلِ عبادت حالت میں بحال کر دیے اور وسیع و عریض صحن کو بھی مکمل طور پر دھو کر صاف کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب نے خود آپریشن کی نگرانی کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ بحالی کا عمل تیزی اور مؤثر انداز میں مکمل ہو تاہم گردوارہ آئندہ تین سے چار دن میں یاتریوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔

مقامی افراد اور سکھ برادری نے گردوارے کی فوری بحالی پر اطمینان اور شکرگزاری کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس تیز رفتار کام سے حیران رہ گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا: "کرتارپور — سیلاب سے ایمان تک۔ ہمارے سکھ بھائیوں کے احترام میں گردوارہ دربار صاحب میں خصوصی ڈی واٹرنگ آپریشن کیا گیا ہے، جو مکمل طور پر زیرِ آب آچکا تھا۔ اب اسے خشک اور محفوظ حالت میں بحال کر دیا گیا ہے۔