کوہلی سے حیرت انگیز مشابہت رکھنے والے سوفٹ ویر انجنیئر کارتک کی دھوم

ہریانہ میں بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سے بہت زیادہ مشابہت رکھنے والے شخص نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی، کئی لوگ دھوکا کھاتے ہوئے اکثر سیلفی کی فرمائش بھی کرتے ہیں۔

کہتے ہیں دنیا میں کسی بھی شخص کے سات ہم شکل ہوتے ہیں اور کبھی نہ کبھی آپ کا بھی ایسے شخص سے سامنا ہوا ہوگا جو آپ سے مشابہت رکھتا ہو، ہریانہ سے تعلق رکھنے والے کارتک شرما سوفٹ ویئر انجنیئر ہیں جن کی شکل حیرت انگیز طور پر کرکٹ لیجنڈ سے ملتی ہے، اس وجہ سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ان کی فالوئنگ کافی زیادہ ہے اور انھوں نے دھوم مچائی ہوئی ہے۔

انسٹا گرام پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں ایک کرکٹ میچ کے دوران بہت سے لوگ کارتک کو ویرات کوہلی سمجھتے ہوئے ان کے گرد مجمع لگائے ہوئے ہیں جب کہ بہت سے لوگ ان سے سیلفی کے لیے بھی فرمائش کررہے ہیں۔

سوفٹ ویئر انجینئر ہونے کے باوجود کارتک کرکٹ سے بہت زیادہ لگاؤ رکھتے ہیں اور ویرات ان کے آئیڈیل کرکٹر ہیں، ان کی ایک ویڈیوں میں وہ لوگوں کو یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ وہ ویرات کوہلی نہیں بلکہ ہریانہ سے تعلق رکھنے والے کارتک شرما ہیں، تاہم انھیں اچھا لگتا ہے جب مشہور کرکٹر سمجھ کر ان کے گرد جمع ہوجاتے ہیں۔

اس سے قبل شاہ رخ خان اور امیتابھ بچن جیسی مشہور شخصیات کے ہم شکل بھی سوشل میڈیا پر کافی مقبولیت حاصل کرچکے ہیں، اس بار سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے ہم شکل نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے۔