تیزاب کے ریمیک سے متعلق کارتک آریان کی وضاحت

کارتک آریان

بالی ووڈ کے معروف اداکار کارتک آریان نے تیزاب کے ریمیک میں کام کرنے کی خبروں کی تردید کردی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کارتک آریان نے ان افواہوں کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ وہ انیل کپور اور مادھوری کی 1988 کی بلاک بسٹر فلم تیزاب کے ریمیک کا حصہ ہیں۔

کارتک آریان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ ’یہ بات درست نہیں۔‘

بھارتی میڈیا کے مطابق تیزاب کے ریمیک میں اداکار رنویر سنگھ اور جھانوی کپور کاسٹ میں شامل تھے۔

تاہم جب ان افواہوں میں شدت آئی تو بھول بھلیاں ٹو میں اداکاری کا جوہر دکھانے والے کارتک آریان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلم تیزاب کا حصہ نہیں ہیں۔

اس سے قبل ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ رنویر نے اس پروجیکٹ سے خود کو الگ کرلیا ہے اور اب ان کی جگہ کارتک شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ کارتک آریان نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم شہزادہ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جبکہ ان کی اگلی فلم کیارا ایڈوانی کے ساتھ ’ستیا پریم کی کتھا‘ ہے جبکہ وہ عاشقی تھری میں بھی شامل ہیں۔