عاشقی 3 میں کارتک آریان کے ساتھ ہیروئن کا نام سامنے آگیا

کارتک آریان

بالی ووڈ کی بلاک بسٹر سیریز عاشقی کے تیسری سیکوئل میں کارتک آریان کے ساتھ ہیروئن کا نام فائنل کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انوراگ باسو کی ہدایت کاری میں بنائی جانے والی فلم عاشقی 3 کی شوٹنگ کا آغاز سال 2024 سے ہوگا جس میں کارتک آریان مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔

فلم کی ہیروئن سے متعلق کہا جارہا تھا کہ کارتک کے ساتھ سارہ علی خان شامل ہوں گی لیکن یہ افواہیں دم توڑ گئی ہیں کیونکہ فلم اینیمل کی اداکاری کو عاشقی 3 کا حصہ بنایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عاشقی 3 نے ترپتی دمری کو کارتک آریان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے کاسٹ کرلیا ہے۔

فلم اینیمل میں شاندار اداکاری کرنے والی اداکارہ ترپتی دمری ان دنوں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں اور فلم میکرز کو لگتا ہے کہ کارتک کے ساتھ ان کی کیمسٹری اسکرین پر جچے گی۔

عاشقی سیریز کی پہلی فلم میں راہول رائے نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جس کے بعد عاشقی ٹو میں آدتیہ رائے کپور اور شردھا کپور شامل تھے۔

دونوں فلمیں جاندار کہانی اور سپر ہٹ گانوں کی وجہ سے باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی تھیں۔