اسلام آباد: ذرایع کا کہنا ہے کہ دفتر خارجہ میں قائم ’کشمیر سیل‘ کا دوسرا اجلاس آج ہوگا، ’کشمیرسیل‘ وزیر اعظم کی ہدایت پر قایم کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر دفتر خارجہ میں قایم کشمیر سیل کا دوسرا اجلاس آج منعقد ہوگا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
ذرایع نے بتایا ہے کہ وفاقی وزرا، سِول اور عسکری حکام، سیکریٹری اور دفتر خارجہ کے حکام اجلاس میں شریک ہوں گے، جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بگڑتی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی سفارتی کاوشوں کا جائزہ لیا جائے گا، ارکان پارلیمنٹ، سینیٹ کمیٹی اور دیگر کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں 35 ویں روز بھی کرفیو
ذرایع کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کونسل کے لیے پاکستان کے مؤقف کو حتمی شکل دی جائے گی، جب کہ یو این ہیومن رائٹس کونسل کا اجلاس کل جنیوا میں ہوگا۔
یاد رہے کہ کشمیر سیل کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں پانچ روز قبل 3 ستمبر کو ہوا تھا، وزیر خارجہ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اسی طرح خاموش رہی تو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال مزید گھمبیر ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ اس خصوصی سیل کے قیام کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق تازہ ترین صورت حال پر غور و خوض کرنا اور ملکی خارجہ پالیسی کی ترجیحات کے پیش نظر مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے مؤثر حکمت عملی وضع کرنے کے حوالے سے ضروری معاونت فراہم کرنا ہے۔